ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مینگلور: غیراخلاقی پولیسنگ کا سلسلہ جاری ۔ مسلم جوڑے کے ساتھ سفر کرنے والی غیر مسلم خواتین پر حملہ ۔ ایچ جے وی کے 2 کارکنان گرفتار

مینگلور: غیراخلاقی پولیسنگ کا سلسلہ جاری ۔ مسلم جوڑے کے ساتھ سفر کرنے والی غیر مسلم خواتین پر حملہ ۔ ایچ جے وی کے 2 کارکنان گرفتار

Sun, 10 Oct 2021 11:20:13    S.O. News Service

مینگلور، 10؍ اکتوبر (ایس او نیوز) جنوبی کینرا میں غیر اخلاقی پولیسنگ کا ایک اور معاملہ موڈبیدری کے مضافات میں پیش آیا ہے جس میں ایک مسلم جوڑے کے ساتھ کار میں دو غیر مسلم خواتین سفر کرنے پر ہندو جاگرن ویدیکے کے کارکنان نے راستہ روک کر حملہ کیا اور خواتین کی تذلیل کی ۔ 

معلوم ہوا ہے کہ راہ روک کر حملہ کرنے میں ایچ جے وی کے سات آٹھ کارکنان کی ٹولی شامل تھی ۔ متاثرین کی جانب سے دی گئی شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے ایچ جے وی کے ژونل صدر سیمتھ راج اور سیکریٹری سندیپ پجاری کو گرفتار کرلیا ۔ 

بتایا جاتا ہے کہ کل اشرف اور اس کی بیوی سودا کہیں جارہے تھے تو راستہ میں کارکلا کی رہنے والی ان کی شناسا گیتا اور منجولا مل گئیں جو موڈ بیدری ہنومان مندر کی طرف جارہی تھیں ۔ اشرف اور اس کی بیوی نے ان دونوں کو وہاں تک چھوڑنے کے لئے اپنی کار میں سوار کرلیا ۔ کیسروگدّے کے قریب سنگھی ٹولہ نے اس کار کو گھیرلیا اور مسلم  قوم والوں کے ساتھ سفر کرنے پر غیر مسلم خواتین پر حملہ کیا اور گالی گلوچ کرتے ہوئے ان کی بے عزتی کی ۔ اسی طرح کا معاملہ اشرف اور اس کی بیوی کے ساتھ بھی کیا گیا ۔ 

پولیس کمشنر ششی کمار نے بتایا کہ اس حملہ کا شکار ہونے والے چاروں افراد کا تعلق اڈپی کے کارکلا سے ہے ۔ شرپسندوں نے عورتوں کے ساتھ اہانت آمیز سلوک کیا ہے ۔ دو ملزمین گرفتار ہوئے ہیں بقیہ ملزمین کی گرفتاری کے لئے جال بچھایا گیا ہے ۔


Share: